75

پی ایس ایل کے بعد ایس پی ایل کا میلہ سج گیا، یہ کرکٹ لیگ کہاں کھیلی جارہی ہے ؟ پاکستانیوں کیلئے خوشخبری آگئی

کوٹ سادات (ڈیلی پاکستان آن لائن) وہاڑی کے نواحی گاﺅں کوٹ سادات میں پی ایس ایل طرز پر سادات پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کا میلہ سج گیا ہے، افتتاحی تقریب کیلئے سجائے گئے پنڈال میں کھلاڑیوں نے بیل گاڑیوں اور رکشوں میں انٹری ماری تو حاضرین داد دیے بغیر نہ رہ سکے، سادات سلطانز کی ٹیم جب دھمال ڈالتی ہوئی پنڈال میں آئی تو تماشائی بھی جھوم اٹھے۔
تفصیلات کے مطابق کوٹ سادات میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سادات پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں مقامی سیاسی رہنماﺅں اعجاز سلطان بندیشہ اور سلیم شاہ نے شرکت کی ۔

ایس پی ایل کا میلہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے فینز پر مشتمل نوجوانوں کے ایک گروپ ” 88 گروپ “ کی جانب سے سجایا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ ویسٹ انڈین کھلاڑی ڈیرن سیمی کی شرٹ کا نمبر بھی 88 ہے جس کی مناسبت سے یہ نوجوان خود کو 88 گروپ کہلواتے ہیں۔

ایس پی ایل کا فارمیٹ پی ایس ایل کی طرز پر رکھا گیا ہے جس میں 6 ٹیمیں سادات کنگز، سادات قلندرز، سادات سلطانز، سادات زلمی اور سادات گلیڈیٹرز حصہ لے رہی ہیں ۔

گزشتہ رات (جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب) کوٹ سادات میں ایس پی ایل کی افتتاحی تقریب میں پی ایس ایل طرز پر ٹیموں کی انٹری ذرا منفرد انداز میں ہوئی۔ ایک ٹیم کاروں پر سوار ہو کر پنڈال میں پہنچی تو دوسری ٹیم رکشوں کی چھتوں پر بیٹھ کر افتتاحی تقریب میں آئی ، اسی طرح ایک ٹیم موٹر سائیکلوں اور چوتھی ٹیم ڈبل کیبن گاڑی میں سوار ہو کر تقریب میں پہنچی ۔

سب سے آخر میں سادات زلمی اور سادات سلطانز کی ٹیموں کی دھواں دار انٹریاں ہوئیں۔ زلمی کے کھلاڑیوں نے دیہی ثقافت اور روز مرہ دیہی زندگی کا اہم حصہ بیل گاڑی کو اپنی سواری کا حصہ بنایا جبکہ سب سے آخر میں سلطانز ٹیم پیدل ہی پنڈال میں دھمال ڈالتی ہوئی داخل ہوئی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے ڈھول کی تھاپ پر ڈانڈیا (جسے مقامی زبان میں کِلیاں کہتے ہیں) کا کھیل بھی پیش کیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران ٹرافی کی رونمائی بھی شاندار انداز میں کی گئی ، تمام ٹیموں کے کپتانوں اور فرنچائز مالکان نے سٹیج پر آکر ٹرافی کی نقاب کشائی کی ۔

Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں